کرسمس تقریبات: آئی جی کا مسیحی کیلئے عیدی و اضافی چھٹی کا اعلان
12-23-2025
(لاہور نیوز) پنجاب پولیس میں کرسمس کی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی جی پنجاب نے مسیحی ملازمین کے لیے فی کس 5 ہزار روپے کرسمس عیدی اور ایک اضافی تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
سنٹرل پولیس آفس (سی پی او) میں مسیحی افسران و ملازمین کے اعزاز میں ایک رنگارنگ کرسمس تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب کے دوران آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سی پی او کے مسیحی افسران و ملازمین کے ہمراہ کرسمس کیک کاٹا اور انہیں کرسمس کی مبارکباد دی۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس کرسمس کے موقع پر اپنے مسیحی بھائیوں کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہے اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے تمام تر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی افسران و ملازمین نے محکمہ پولیس میں پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں، جو قابلِ تحسین ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزید اعلان کیا کہ میثاق سنٹرز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے منتخب مسیحی افسران و ملازمین کو ہر ماہ انعامات دیے جائیں گے، تاکہ ان کی حوصلہ افزائی کی جا سکے، تقریب کے اختتام پر مسیحی افسران و ملازمین نے قیادت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اظہارِ تشکر کیا اور کہا کہ ایسے اقدامات سے محکمہ میں ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ ملتا ہے۔