پنجاب حکومت تاجکستان کے ساتھ ثقافت کے فروغ کیلئے تعاون جاری رکھے گی، عظمٰی بخاری
12-23-2025
(لاہور نیوز) وزیراطلاعات عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت تاجکستان کے ساتھ ثقافت کے فروغ کیلئے تعاون جاری رکھے گی۔
محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب کے زیرِ اہتمام پاک تاجک ثقافتی فیسٹیول کا شاندار انعقاد کیا گیا جس میں وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، فیسٹیول کا مقصد پاکستان اور تاجکستان کے درمیان ثقافتی روابط کو فروغ دینا اور مشترکہ تہذیبی اقدار کو اجاگر کرنا تھا۔ فیسٹیول میں تاجکستان سے آئے ہوئے فنکاروں نے روایتی ثقافتی رقص، موسیقی اور رنگا رنگ پرفارمنس پیش کیں، جنہیں شرکاء کی جانب سے بے حد سراہا گیا, معروف گلوکار راحت فتح علی خان نے اپنی دل موہ لینے والی پرفارمنس سے محفل کو چار چاند لگا دیئے۔ تقریب میں تاجکستان سے آئے 72 رکنی ثقافتی وفد کی قیادت تاجکستان کے سفیر شریف زادہ یوسف نے کی، اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات پنجاب شازیہ رضوان، سیکرٹری اطلاعات سید طاہر رضا ہمدانی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا آرٹس کونسل محمد نواز گوندل اور ڈی جی پی آر شیخ فرید احمد بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے تاجک وفد کو خوش آمدید کہا، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان مشترکہ ثقافتی اقدار، روایات اور تہذیبی رشتوں میں گہری مماثلت رکھتے ہیں اور ایسے فیسٹیول دونوں ممالک کے درمیان باہمی روابط کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت تاجکستان کے ساتھ ثقافت کے فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی، انہوں نے تاجکستان کی ثقافت کے منفرد رنگ، تشخص، لباس اور روایات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تاجک خواتین کا وقار، حسن اور لباس قابلِ تحسین ہے، تاجک فنکاروں کی موسیقی اور رقص نے دل موہ لئے اور تاجک ثقافت دیکھنے کے بعد تاجکستان کے دورے کی خواہش مزید بڑھ گئی ہے۔ وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کی ثقافت و اقدار میں نمایاں مماثلت پائی جاتی ہے جبکہ علامہ محمد اقبال کا کلام دونوں ممالک کو ایک فکری رشتے میں جوڑتا ہے، انہوں نے اس بات کی نشاندہی بھی کی کہ تاجکستان میں شادیوں پر پاکستانی لباس کا استعمال ثقافتی قربت کا واضح ثبوت ہے۔ اس موقع پر تاجکستان کے سفیر شریف زادہ یوسف نے کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری و فکر پاکستان اور تاجکستان کے عوام کو یک جان کئے ہوئے ہے، انہوں نے لاہور کو جنت سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ یہاں آ کر ہمیں جنت کا سا احساس ہو رہا ہے، تاجک سفیر نے خوبصورت فیسٹیول اور یادگار میزبانی پر وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیر اطلاعات پنجاب کا شکریہ بھی ادا کیا۔ تقریب کے اختتام پر وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے تاجکستان کے کلچر ڈے کے حوالے سے قائم مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور تاجک ہینڈی کرافٹس اور ثقافتی اشیاء کو خوب سراہا۔