کرسمس کی آمد، خواجہ سلمان رفیق کا سیکرڈ ہارٹ آف جیسز کیتھیڈرل کا دورہ
12-23-2025
(لاہور نیوز) کرسمس کی آمد کے پیشِ نظر صوبے میں امن و امان اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے سیکرڈ ہارٹ آف جیسز کیتھیڈرل گرجا گھر کا دورہ کیا۔
ان کے ہمراہ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی اور سیکرٹری انسانی حقوق و اقلیتی امور فرید احمد تارڑ بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران ایڈیشنل سیکرٹری سپیشل انیشیٹو عبدالرؤف، ڈپٹی سیکرٹری شیرینہ جونیجو اور دیگر افسران بھی موجود تھے جبکہ چرچ انتظامیہ کی جانب سے فادر آصف سردار، فادر رفحان فیاض، فادر بشارت سراج و دیگر نے شرکت کی، اس موقع پر کرسمس کا کیک بھی کاٹا گیا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری داخلہ نے تاریخی چرچ کا تفصیلی دورہ کیا اور کرسمس کے موقع پر کئے گئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر کرسمس کے لئے غیر معمولی سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے پُرعزم ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ قیامِ پاکستان میں مسیحی برادری کی عظیم قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، پاکستان میں تمام اقلیتوں کو اپنے عقائد اور نظریات کے مطابق زندگی گزارنے کا پورا حق حاصل ہے اور حکومت کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے سرکاری اداروں میں مسیحی ملازمین کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ دوسری جانب سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ محکمہ داخلہ کی جانب سے کرسمس اور یوم قائد کے حوالے سے سکیورٹی گائیڈ لائنز جاری کر دی گئی ہیں، انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ کرسمس کے سکیورٹی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے مزید بتایا کہ محکمہ داخلہ کا سینٹرل کنٹرول روم صوبہ بھر کی سکیورٹی صورتحال کی 24 گھنٹے نگرانی کر رہا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔