پنجاب میں دھند کا راج برقرار، موٹرویز کئی مقامات پر بند، مسافروں کو شدید مشکلات

12-23-2025

(لاہور نیوز) پنجاب میں دھند کا راج برقرار رہا، موٹرویز کئی مقامات پر بند کر دی گئی جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ایم ٹو لاہور سے ہرن مینار تک بند کر دی گئی، ایم تھری کو فیض پور سے جڑانوالہ تک بند کر دیا گیا، ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک بڑی گاڑیوں کے لئے بند کر دی گئی، ایم 11 لاہور سیالکوٹ موٹروے پر ٹریفک کا داخلہ ممنوع قرار دیدیا گیا۔ واضح رہے کہ بہاولنگر میں دھند کے باعث حادثہ پیش آگیا تھا، دھند کے باعث دو موٹرسائیکلوں میں خوفناک تصادم ہوا تھا جس کے باعث ایک شخص جاں بحق جبکہ تین شدید زخمی ہوگئے تھے۔ ترجمان موٹروے نے عوام سے غیر ضروری سفر سے گریز کی اپیل کر دی۔