پتنگ بازی آرڈیننس: پنجاب حکومت کا جواب جمع، مزید کارروائی ملتوی

12-22-2025

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں پتنگ بازی سے متعلق آرڈیننس کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی، جسٹس اویس خالد نے جوڈیشل ایکٹوازم پینل سمیت دیگر درخواست گزاروں کی درخواستوں پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران پنجاب حکومت کی جانب سے عدالت میں اپنا جواب جمع کرا دیا گیا، عدالت نے سرکاری وکیل کو ہدایت کی کہ متفرق درخواستوں پر بھی تحریری جواب داخل کیا جائے، جس کے بعد عدالت نے درخواستوں پر مزید کارروائی 5 جنوری تک ملتوی کر دی۔ سماعت کے دوران جسٹس اویس خالد نے ریمارکس دیئے کہ اگر بسنت منانی ہے تو یہ محفوظ کیسے ہو گی؟ عدالت نے پتنگ بازی کے ممکنہ خطرات پر تشویش کا اظہار کیا۔ وکیل درخواست گزار  نے عدالت کو بتایا کہ وزارت خارجہ، ایف بی آر اور وزارت داخلہ کو فریق بنانے کی درخواست دائر کی گئی ہے، عدالت نے سرکاری وکیل کو اس حوالے سے متعلقہ محکموں سے ہدایات لے کر رپورٹ پیش کرانے کی ہدایت کی۔ وکیل درخواست گزار  نے مؤقف اختیار کیا کہ خونی پتنگ بازی کسی صورت قابل قبول نہیں ہو سکتی، انہوں  نے سوال اٹھایا کہ کیا کیمیکل ڈور پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے یا نہیں۔ درخواست گزار کے مطابق پتنگ بازی کی اجازت سے متعلق جاری کردہ آرڈیننس آئین سے متصادم ہے اور اسی بنیاد پر عدالت سے استدعا کی گئی کہ پتنگ بازی آرڈیننس کو کالعدم قرار دیا جائے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد کیس کی مزید سماعت 5 جنوری تک ملتوی کر دی۔