لاہور جنرل ہسپتال میں ایک دہائی بعد قرنیہ کی پیوند کاری کے آپریشنز کا دوبارہ آغاز
12-21-2025
(لاہور نیوز) لاہور جنرل ہسپتال نے طبی شعبے میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا, ہسپتال میں تقریباً ایک دہائی کے طویل تعطل کے بعد قرنیہ (Cornea) کی پیوند کاری کے آپریشنز کا باقاعدہ طور پر دوبارہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے جنرل ہسپتال کے آئی یونٹ میں دو مستحق مریضوں کے قرنیہ کی کامیاب پیوند کاری کی گئی، اس اہم پیش رفت کو پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر محمد فاروق افضل اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر فریاد حسین نے ہسپتال کے لیے ایک تاریخی کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے جنرل ہسپتال، پی جی ایم آئی اور امیرالدین میڈیکل کالج کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آنکھیں اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہیں، جن کے ذریعے انسان دنیا کے حسین مناظر دیکھنے کے قابل ہوتا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد فاروق افضل کا کہنا تھا کہ قرنیہ کی پیوند کاری جیسی پیچیدہ اور اہم سہولت کی بحالی دراصل ان افراد کے لیے نئی زندگی کا آغاز ہے جو برسوں سے بینائی سے محروم تھے۔ ان کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف سینکڑوں مستحق اور غریب مریض دوبارہ دیکھنے کے قابل ہو سکیں گے بلکہ یہ انسانیت کی خدمت، دکھی انسانوں کے لیے امید اور معاشرے کے لیے ایک روشن مثال بھی ثابت ہوگا۔ انتظامیہ کے مطابق قرنیہ ٹرانسپلانٹ کی سہولت کی بحالی سے لاہور جنرل ہسپتال میں آنکھوں کے امراض کے علاج میں نمایاں بہتری آئے گی اور مریضوں کو جدید طبی سہولیات میسر آ سکیں گی۔