رابی پیرزادہ کی شادی کے بعد نیا تنازع پیدا ہوگیا

12-21-2025

(ویب ڈیسک) سابق معروف گلوکارہ، اداکارہ اور سماجی کارکن رابی پیرزادہ نے اپنی شادی کے بعد سامنے آنے والی مبینہ ہراسانی اور کردار کشی پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔

رابی پیرزادہ نے اپنے آفیشل فیس بک اکاؤنٹ پرایک تفصیلی پوسٹ میں الزام عائد کیا ہے کہ شادی سے انکار کے بعد کرنل عمران نامی ایک شخص نے انہیں اور ان سے وابستہ فلاحی فاؤنڈیشن کو شدید نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ اپنی پوسٹ میں رابی پیرزادہ کا کہنا تھا کہ مذکورہ شخص کو ان کی فاؤنڈیشن میں عزت اور اعتماد دیا گیا، تاہم جیسے ہی اسے رابی پیرزادہ کی شادی کی خبر ملی، اس نے مختلف افراد کو فون کرکے نا صرف فاؤنڈیشن بلکہ اس سے منسلک برانڈ کو بھی نقصان پہنچانا شروع کر دیا۔ رابی پیرزادہ کے مطابق ان کے ذاتی نمبرز کے ذریعے انہیں اور ان کے قریبی افراد کو مسلسل ہراساں کیا گیا، جبکہ ان کی شادی کو بنیاد بنا کر ذاتی زندگی پر نازیبا تبصرے کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کی شادی یا ذاتی فیصلے پر اس حد تک بدتمیزی اور تضحیک ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فاؤنڈیشن کئی افراد کے روزگار اور بچوں کی تعلیم سے جڑی ہوئی ہے، لیکن اس کے باوجود ذاتی رنجش کو بنیاد بنا کر سب کچھ نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔ رابی پیرزادہ نے اپنی پوسٹ کے اختتام پر ایسے رویوں کی مذمت کرتے ہوئے اللہ سے دعا کی کہ وہ انہیں منافقانہ سوچ رکھنے والے افراد سے محفوظ رکھے۔ یاد رہے کہ رابی پیرزادہ نے گزشتہ ہفتے نجی تقریب میں نکاح کیا تھا جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔ انہوں نے انسٹاگرام پر نکاح کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کی دعاؤں کا شکریہ ادا کیا اور لکھا کہ اگر یہی دعائیں قرآنِ پاک مکمل لکھنے پر ملتیں تو دل کو مزید سکون ملتا۔ رابی پیرزادہ نے چند برس قبل شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی اور اس کے بعد وہ سماجی فلاحی سرگرمیوں، مصوری اور دیگر مثبت سرگرمیوں میں سرگرم رہی ہیں۔