پنجاب اسمبلی: کرین پر چڑھنے والے نامعلوم شخص کو نیچے اتار لیا گیا
12-19-2025
(لاہور نیوز) پنجاب اسمبلی کے ایم پی اے ہاسٹلز کی زیر تعمیر عمارت پر ایک نامعلوم شخص کرین پر چڑھ گیا اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات کا مطالبہ کرنے لگا تاہم بعدازاں یقین دہانی پر ریسکیو کی جانب سے وقار نامی شخص کو نیچے اتار لیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی اسمبلی کا سٹاف، سکیورٹی حکام اور ریسکیو ٹیم عمارت کے گرد پہنچ گئے، نامعلوم شخص نے عمارت پر وزیر اعلیٰ کے بینرز آویزاں کر رکھے تھے اور ایک بینر لہرا رہا تھا۔ ریسکیو گاڑی ایم پی اے ہاسٹل کے باہر پہنچ گئی اور کرین کے قریب پہنچتے ہی نامعلوم شخص پیچھے کی جانب جانے لگا، جس کے بعد ریسکیو حکام اور نامعلوم شخص کے درمیان مذاکرات شروع ہو گئے ہیں۔ نامعلوم شخص کا کہنا ہے کہ جب تک مریم نواز سے ملاقات نہیں کروائی جاتی، نیچے نہیں آؤں گا، جس پر ریسکیو حکام نے جواب دیا کہ آپ پہلے نیچے آئیں، پھر ملاقات کروا دی جائے گی۔ بعدازاں ریسکیو اہلکاروں نے مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب ذیشان ملک نے نامعلوم شخص سے بات کرائی، جس پر نا معلوم شخص نے ذیشان ملک کی یقین دہانی کرانے پر کو نیچے اترنے کی حامی بھر لی اور اسے ریسکیو کی جانب سے کرین سے نیچے اتار لیا گیا۔ ایڈوائزر ٹو وزیر اعلیٰ ذیشان ملک وقار کو اپنے ساتھ گاڑی میں بٹھا کر اپنے دفتر لے گئے اور کہا کہ وقار کے جائز مسائل ہوں گے اس کا تدارک کیا جائے گا۔