نوجوانوں کیلئے زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کرنا چاہتے ہیں، رانا مشہود

12-19-2025

(لاہور نیوز) وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں کی پرتگال کے سفیر سے ملاقات۔

چیئرمین رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ ہم اپنے نوجوانوں کے لیے زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کرنا چاہتے ہیں، صرف کسی بھی نوعیت کا روزگار نہیں بلکہ باعزت، ہنر پر مبنی اور پروڈکٹیو روزگار کے مواقع چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے پروڈکٹیو اور بیرونِ ملک روزگار حکومت کی اولین ترجیح ہے، پاکستان پرتگال کے ساتھ لیبر موبلٹی میں مضبوط شراکت داری چاہتا ہے، قانونی، محفوظ اور باہمی مفاد پر مبنی بیرونِ ملک روزگار فریم ورک ضروری ہے۔ پرتگال کے سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے نوجوانوں کے لیے باہمی مفاد پر مبنی اور پائیدار روزگار تعاون ضروری ہے، قانونی اور محفوظ لیبر موبلٹی فریم ورک سے پاکستان اور پرتگال دونوں کو فائدہ ہوگا۔ رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ لیبر موبلٹی پارٹنرشپ ایگریمنٹ کو جلد حتمی شکل دی جائے، پاکستانی نوجوان ہنر مند انسانی وسائل عالمی منڈی کی ضروریات پوری کر سکتے ہیں، آئی ٹی سیکٹر میں پاکستان اور پرتگال کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنانے کا سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پالیسی کے تحت خواتین کی لیبر فورس میں شمولیت 35 فیصد تک بڑھانے کا ہدف ہے، بیرونِ ملک روزگار نوجوانوں کے لیے آمدن، ہنر اور عالمی تجربے کا ذریعہ ہے تاہم پرتگال میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان مضبوط پل ہے۔