بھارت کے پاس پانی روکنے یا بہاؤ میں تبدیلی کا کوئی جواز نہیں: کمشنر انڈس واٹر

12-19-2025

(لاہور نیوز) انڈس واٹر کمشنر پاکستان مہر علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہر لحاظ سے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، بھارت کے پاس پانی روکنے کا کوئی جواز نہیں۔

پاکستان کے انڈس واٹر کمشنر مہر علی شاہ نے غیر ملکی سفارتکاروں کو بتایا کہ بھارت نے پہلگام واقعہ کے بعد سندھ طاس معاہدے کو بھی اپنی دہشتگردی سے جوڑا، تنازعات جتنے بھی سنگین ہوں لیکن سندھ طاس معاہدہ اپنی اصلی حالت میں رہے گا۔ مہر علی شاہ نے کہا کہ بھارت نے رواں سال 3بار دریائے چناب کے پانی کے بہاؤ میں تبدیلی کی، بھارت نے 2بار مئی کے ماہ میں دریائے چناب کے پانی کے بہاؤ میں چھیڑ خانی کی، بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پر اب تک کوئی جواب نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان شفافیت پر یقین رکھتا ہے، پاکستان نے ہر لحاظ سے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، بھارت کے پاس جواب دینے کیلئے کوئی جواز باقی نہیں رہا، پاکستان اوربھارت کے درمیان سندھ طاس معاہدہ ہے، سندھ طاس معاہدے میں 12آرٹیکل ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان یا بھارت یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدے کو ختم نہیں کرسکتے، معاہدے میں واضح ہے کہ بھارت نے پانی کے بہاؤ میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کرنی۔ انڈس واٹر کمشنر نے کہا کہ بھارتی طرز عمل سے لگتا ہے وہ سندھ طاس معاہدے کی پاسداری کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا، اب آواز اقوام متحدہ کی سطح پر اٹھائی جارہی ہے، بین الاقوامی سطح سے دباؤ ڈالا جائے جس پربھارت خود کو جوابدہ سمجھے۔