ہربنس پورہ: معمولی تلخ کلامی پر نوجوان کا قتل، 3 ملزمان گرفتار
12-19-2025
(لاہور نیوز) ہربنس پورہ میں اکیڈمی کے باہر معمولی تلخ کلامی پر نوجوان عبداللہ کا قتل، پولیس نے واقعے میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔
ایس پی کینٹ اور ایس ڈی پی او باغبانپورہ بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے، ایس پی کینٹ کی ہدایت پر ایس ایچ او ہربنس پورہ محمد عمران نے فوری کارروائی کرتے ہوئے عمر، علی اور انشال کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا۔ پولیس کے مطابق زخمی عبداللہ کو فوری طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، پولیس اور فرانزک ٹیم نے موقع سے شواہد اکٹھے کر لئے جبکہ لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا۔ ایس پی کینٹ اخلاق اللہ تارڑ نے بتایا کہ مقتول کے چچا حاجی عبید کی مدعیت میں نامزد ملزمان سعد، عمر، علی، انشال اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے کر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔