پنجاب میں نئے سال سے گندگی پھیلانے پر سخت قوانین نافذ
12-19-2025
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے صوبے کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے نئے سال سے گندگی پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
ستھرا پنجاب اتھارٹی کے مطابق یکم جنوری سے صفائی کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے اور قید کی سزائیں نافذ ہوں گی۔ نئے قوانین کے تحت کوڑا جلانے یا کھلے عام پھینکنے والے شہریوں کیلئے 50 ہزار سے 5 لاکھ روپے تک جرمانہ اور 3 سے 7 سال تک قید کی سزا ہو گی، خاص طور پر کوڑا جلانے پر 5 لاکھ روپے جرمانہ اور 3 سال قید جبکہ ٹائر جلانے پر 7 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانہ نافذ کیا جائے گا۔ مزید برآں، گھر، دکان یا فیکٹری سے کوڑا باہر پھینکنے پر 25 ہزار روپے، گلی اور محلے کی نالیوں میں کوڑا پھینکنے پر 10 ہزار روپے اور جانوروں کے فضلے یا باقیات پھینکنے پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا، ستھرا پنجاب اتھارٹی نے قوانین کی مؤثر عملداری کیلئے خصوصی انفورسمنٹ ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صفائی اور صحت کے قوانین پر عمل کریں تاکہ صوبہ صاف اور محفوظ ماحول فراہم کر سکے۔