سموگ سے محفوظ رہنے کیلئے چند آسان تدابیر

12-18-2025

(ویب ڈیسک) پاکستان میں سموگ ایک سنگین ماحولیاتی مسئلہ بن چکا ہے، جو ہر سال لاکھوں افراد کی صحت کو متاثر کرتا ہے۔

سموگ کی بڑھتی ہوئی شدت کی وجہ سے نہ صرف فضائی آلودگی میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ اس کے صحت پر پڑنے والے اثرات بھی سنگین ہو سکتے ہیں، تاہم، چند انتہائی سادہ اور مؤثر اقدامات اٹھا کر سموگ سے پیدا ہونے والے صحت کے مسائل کو کم کیا جا سکتا ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق، سموگ سے محفوظ رہنے کیلئے درج ذیل تدابیر اپنائی جا سکتی ہیں: پانی کا استعمال: دن بھر تھوڑی تھوڑی مقدار میں پانی پینا انتہائی ضروری ہے، بہتر یہ ہے کہ پانی کا درجہ حرارت کمرے کے عام درجہ حرارت کے برابر ہو تاکہ جسم ہائیڈریٹ رہے اور سموگ سے ہونے والی دیگر صحت کے مسائل کو کم کیا جا سکے۔ گرم مشروبات کا استعمال: چائے، کافی یا قہوہ جیسے گرم مشروبات سموگ کے اثرات کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں، ان مشروبات کی مقدار میں اضافہ کرنا سموگ کی وجہ سے ہونے والی سانس کی تکالیف کو کم کر سکتا ہے۔ ناشتہ نہ چھوڑیں: ناشتہ کئے بغیر گھر سے باہر نہ نکلیں، کیونکہ ناشتہ مدافعتی نظام کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، 7 سے 8 گھنٹے تک بھوکا رہنا جسم کی مدافعتی صلاحیت کو کم کر سکتا ہے، جو سموگ سے ہونے والے مسائل میں اضافہ کر سکتا ہے۔ خود کو ڈھانپ کر رکھیں: گھر سے باہر نکلتے وقت خود کو اچھی طرح سے ڈھانپ لیں اور اگر دفتر یا کام کی جگہ پر جا رہے ہیں تو وہاں پہنچ کر فوراً وضو کریں تاکہ سموگ کے اثرات آپ کی ناک اور حلق سے صاف ہو جائیں، اس کے علاوہ، دفتر سے واپس آنے پر فوراً نہانے اور بھاپ لینے کی کوشش کریں تاکہ جسم سے سموگ کے ذرات صاف ہو جائیں۔ رات کے مشروبات میں احتیاط: رات کو سونے سے پہلے ٹھنڈے جوس، پانی یا دودھ سے پرہیز کریں، سونے سے پہلے اگر کسی مشروب کا استعمال ضروری ہو تو اس کا درجہ حرارت کمرے کے عام درجہ حرارت کے برابر ہو یا پھر گرم ہو تاکہ آپ کی نیند متاثر نہ ہو اور جسم میں آلودگی کے اثرات کم ہوں۔