ٹیکنیکل اور زراعت کے مضامین کو نصاب کا حصہ بنانے کی پلاننگ

12-18-2025

(ویب ڈیسک) ملک میں میٹرک کی سطح پر دو نئے تعلیمی گروپ متعارف کرانے کی تجویز زیر غور ہے، جس کے تحت ٹیکنیکل اور زراعت کے مضامین کو نصاب کا حصہ بنانے کی پلاننگ کی جا رہی ہے۔

انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) نے اس اہم مسئلے پر مشاورت کیلئے 23 دسمبر کو ایک اجلاس طلب کیا ہے، جس میں میٹرک کی سطح پر مضامین کی گروہ بندی، متبادل تعلیمی راستوں اور اعلیٰ تعلیم میں داخلے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں انٹرمیڈیٹ کے پری میڈیکل اور پری انجینئرنگ گروپس میں داخلے کی اہلیت سے متعلق اہم امور پر بھی بحث کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق، اجلاس میں میٹرک کی سطح پر متبادل مضامین کی مساوات، غیر ملکی تعلیمی اسناد کی مساوات اور جنرل و ووکیشنل تعلیم کے حوالے سے نکات زیر بحث آئیں گے، خاص طور پر، میٹرک کے ٹیکنیکل اور زراعت گروپ سے تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کیلئے میڈیکل اور انجینئرنگ کالجز میں داخلے کے امکانات پر بھی مشاورت کی جائے گی۔ تعلیمی اصلاحات کے حوالے سے اجلاس کے ایجنڈے میں ایک اہم تجویز یہ بھی شامل ہے کہ قومی سطح پر ایک ورکنگ گروپ قائم کیا جائے تاکہ تعلیمی اصلاحات کو مؤثر بنانے کے اقدامات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔