وزیر صحت پنجاب کی تمام ہسپتالوں میں 24 گھنٹے ڈاکٹرز کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت

12-17-2025

(لاہور نیوز) صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے رات گئے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کھاریاں کا اچانک دورہ کیا۔

دورے کے دوران ڈی ایم ایس کی غیر موجودگی پر صوبائی وزیر نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سی ای او کو فوری نوٹس لینے کی ہدایت کی۔ خواجہ عمران نذیر نے سوال اٹھایا کہ اگر اس وقت کوئی ایمرجنسی ہو جائے تو اس کا ذمہ دار کون ہو گا۔ صوبائی وزیر نے ایم ایس کو لاہور طلب کر لیا اور واضح ہدایات کے باوجود ہسپتال میں بلامعاوضہ ادویات کے اعلانات نہ ہونے پر ناراضی کا اظہار کیا۔ خواجہ عمران نذیر نے ہسپتال کے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا، فارمیسی کا دورہ کیا اور ادویات کے سٹاک کا جائزہ بھی لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ہسپتالوں میں 24 گھنٹے ڈاکٹرز کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ دورے کے دوران صوبائی وزیر فرداً فرداً مریضوں کے پاس گئے اور ادویات کی دستیابی کے بارے میں استفسار کیا۔ بلامعاوضہ ادویات کی فراہمی پر ایک بزرگ مریضہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو دعائیں دیں، مجموعی طور پر مریضوں نے بلامعاوضہ ادویات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔