ڈیزل کی قیمتوں میں کمی، وزیر ٹرانسپورٹ کا کرایوں میں کمی کی ہدایت

12-17-2025

(ویب ڈیسک) ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی کے بعد وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان فوری طور پر ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کیلئے سرگرم ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان  نے تمام متعلقہ افسران کو نئے کرائے ناموں کی فہرست جاری کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کیلئے تمام اضلاع میں ٹیمیں تشکیل دی جائیں، ان ٹیموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کرایوں کی باقاعدہ نگرانی کریں اور یقینی بنائیں کہ نئی کمی کا براہ راست فائدہ عوام کو پہنچے۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ جو ٹرانسپورٹرز زائد کرایہ وصول کریں گے، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، بلال اکبر خان نے تمام آر ٹی ایز (آٹومیٹڈ روٹ ٹرانسپورٹ ایڈمنسٹریشن) کو ہدایت دی ہے کہ وہ ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کے حوالے سے ایک تفصیلی رپورٹ جمع کرائیں۔ اس کے علاوہ زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز سے رقم واپس کرانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے تاکہ مسافروں کو ان کے حق کا پیسہ واپس مل سکے۔ بلال اکبر خان کا کہنا تھا کہ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا براہ راست فائدہ عوام کو پہنچایا جائے گا اور زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، اس اقدام سے عوام کو فوری ریلیف ملے گا اور سفر کی قیمتوں میں کمی سے روزمرہ زندگی کی لاگت میں بھی کمی آئے گی۔