لاہور ہائیکورٹ میں 25 دسمبر سے موسمِ سرما کی عدالتی تعطیلات ہوں گی
12-17-2025
(ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ میں موسمِ سرما کی سالانہ عدالتی تعطیلات میں صرف ایک ہفتہ باقی، جس کے تحت عدالت عالیہ میں 25 دسمبر سے 8 جنوری تک عدالتی سرگرمیاں محدود رہیں گی۔
تعطیلات کے دوران عدالت عالیہ کے بیشتر ججز چھٹیوں پر ہوں گے، تاہم چند ججز ضروری نوعیت کے مقدمات کی سماعت کے لیے دستیاب رہیں گے۔ عدالتی تعطیلات کے دوران ہائیکورٹ میں صرف مخصوص نوعیت کے کیسز سنے جائیں گے جن میں درخواستِ ضمانت، حبسِ بے جا اور دیگر فوری نوعیت کے مقدمات شامل ہیں۔ موسمِ سرما کی تعطیلات کے پیش نظر لاہور ہائیکورٹ میں عدالتی سرگرمیاں پہلے ہی محدود ہونا شروع ہو گئی ہیں۔ وکلاء اور سائلین کی تعداد میں واضح کمی دیکھی جا رہی ہے جبکہ آج عدالت میں کوئی سیاسی یا مفادِ عامہ کا مقدمہ سماعت کے لیے مقرر نہیں تھا۔ عدالتی حلقوں کے مطابق تعطیلات کے باعث معمول کے مقدمات کی سماعت محدود رہے گی اور مکمل عدالتی کارروائیاں تعطیلات کے اختتام کے بعد دوبارہ بحال ہوں گی۔