پنجاب حکومت کا 188 ماڈرن فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل مارکیٹس متعارف کروانے کا فیصلہ
12-17-2025
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں ماڈرن فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل مارکیٹس متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت پنجاب کی 188 سبزی و پھل منڈیوں کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ماڈرن سبزی منڈیوں میں شفاف نیلامی کا نظام نافذ کیا جائے گا جبکہ آف سیزن سبزیوں کی دستیابی کیلئے جدید کاشتکاری کے طریقے اپنائے جائیں گے، نئی منڈیوں میں ہیلپ ڈیسک قائم کئے جائیں گے، سیف سٹی اتھارٹی کے ذریعے آن لائن ٹریکنگ سسٹم فعال ہو گا اور خریداروں و آڑھتیوں کیلئے صاف ستھرے اور مکمل فعال ٹوائلٹس کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ حکومت پنجاب کے مطابق تمام 188 ماڈرن سبزی منڈیوں میں براہ راست نیلامی کیلئے آکشن شیڈز فعال ہوں گے جبکہ پینے کے صاف پانی کیلئے فلٹریشن پلانٹس بھی بحال کئے جائیں گے، منڈیوں میں ریٹ بورڈ آویزاں کئے جائیں گے اور صارفین کی رہنمائی کیلئے ہیلپ ڈیسک قائم کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ماڈرن سبزی منڈیوں میں 2 لاکھ 66 ہزار سے زائد سٹریٹ لائٹس فعال کی جائیں گی اور ویسٹ ٹو ویلیو پروگرام کے تحت سبزی و پھلوں کے گرین ویسٹ کو بائیو گیس اور پولٹری فیڈ میں تبدیل کیا جائے گا، ہر منڈی میں ڈرینج سسٹم بحال کر دیا گیا ہے اور تمام مین ہولز پر ڈھکن نصب کئے جا چکے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سبزیوں اور پھلوں کی طلب و رسد کا ریکارڈ رکھنے کیلئے ٹریکنگ آن وہیل سسٹم نافذ کیا جا رہا ہے، جبکہ پنجاب میں آنے والے ہر ٹرک کی ٹریکنگ سیف سٹی اتھارٹی سے منسلک کر دی گئی ہے، قصور، شیخوپورہ، ساہیوال، میاں چنوں اور منڈی بہاؤالدین میں نئی ماڈرن سبزی منڈیاں بھی قائم کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آف سیزن سبزیوں کے حصول کیلئے جدید کاشتکاری کے طریقے اپنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو دھوکہ دینے والے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے گی، انہوں نے ایسے افسران کو نوکری سے فارغ کر کے جیل بھیجنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ مارکیٹ کمیٹیوں میں سیکرٹریز کی بھرتی پبلک سروس کمیشن کے ذریعے میرٹ پر کی جائے گی، پنجاب سے مافیا کلچر کا خاتمہ کر دیا گیا ہے اور حکومت ہر صورت عوام کو سستی روٹی اور سستا آٹا فراہم کرے گی۔