داتا دربار پولیس کی کارروائی، گھروں میں نقب زنی کرنے والے ملزمان گرفتار

12-17-2025

(لاہور نیوز) داتا دربار پولیس نے چند روز قبل گھروں میں نقب زنی کی وارداتوں میں ملوث ریکارڈ یافتہ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر ایس پی سٹی بلال احمد کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس  نے کامیاب کارروائی کی۔ ایس پی سٹی بلال احمد کے مطابق داتا دربار پولیس  نے سی سی ٹی وی کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ساتھ ساتھ ہیومین ریسورس کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کیا۔ ملزمان  ایک شہری کے گھر میں نقب زنی کرتے ہوئے تقریباً 50 لاکھ روپے مالیت کا سونا، 27 لاکھ روپے نقد رقم، لیپ ٹاپ اور موبائل فون چرا کر فرار ہو گئے تھے۔ ایس پی سٹی نے بتایا کہ داتا دربار پولیس کی ٹیم  نے ایس ایچ او محمد عثمان یونس کی سربراہی میں کارروائی کرتے ہوئے ملزمان ماجد اور اعجاز کو گرفتار کر لیا۔ دورانِ تفتیش ملزمان نے مزید 8 وارداتوں کا انکشاف بھی کیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نقب زنی کے دوران اسلحہ اپنے پاس رکھتے تھے اور اگر کوئی جاگ جاتا تو اسلحے کے زور پر واردات کرتے تھے۔ ملزمان کے قبضے سے نقد رقم، لیپ ٹاپ اور موبائل فون برآمد کر لئے گئے ہیں جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔ ایس پی سٹی بلال احمد نے بروقت اور کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او داتا دربار محمد عثمان یونس اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے تعریفی سرٹیفکیٹس دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں انسدادِ جرائم کیلئے کڑی نگرانی جاری ہے اور سنگین وارداتوں میں مطلوب ملزمان کی گرفتاری کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔