پنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا میں ریکارڈ اضافہ

12-16-2025

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات پر صوبے بھر میں ڈرائیونگ لائسنسنگ سہولیات میں نمایاں بہتری کے بعد لائسنس کے اجرا میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

ترجمان کے مطابق گزشتہ 18 روز کے دوران 20 لاکھ سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے، جو پاکستان کی تاریخ میں کسی بھی صوبے میں ایک منفرد ریکارڈ ہے، پنجاب اس وقت ملک کا واحد صوبہ ہے جو شہریوں کو ریکارڈ سطح پر ڈرائیونگ لائسنسنگ کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق 9 لاکھ 40 ہزار سے زائد شہریوں  نے لرننگ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کئے، جبکہ 3 لاکھ 60 ہزار سے زائد شہریوں کو فریش ریگولر ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے۔ مزید بتایا گیا کہ 7 لاکھ سے زائد شہریوں نے لرننگ، ریگولر اور انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کروائی، جبکہ 2 ہزار سے زائد شہریوں نے انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ حاصل کئے، اس کے علاوہ 11 لاکھ 40 ہزار سے زائد افراد نے گھر بیٹھے آن لائن لائسنسنگ پورٹل سے استفادہ کیا، جو ڈیجیٹل سہولیات کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔ ترجمان کے مطابق 7 ہزار سے زائد شہریوں کو گمشدہ ڈرائیونگ لائسنس دوبارہ جاری کئے گئے، جس سے عوام کو درپیش مشکلات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر  نے اس موقع پر کہا کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا قانوناً جرم ہے اور بغیر لائسنس ڈرائیورز کو بھاری جرمانوں کے ساتھ سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا، انہوں  نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے ڈرائیونگ لائسنس ضرور حاصل کریں تاکہ ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔