معصوم بچوں نے لازوال قربانیوں سے پاکستان میں امن کی بنیاد رکھی، چیئرپرسن سارہ احمد
12-16-2025
(لاہور نیوز) چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے کہا ہے کہ معصوم بچوں نے لازوال قربانیوں سے پاکستان میں امن کی بنیاد رکھی۔
چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب سارہ احمد نے آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی برسی کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے معصوم بچوں اور اساتذہ کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ سارہ احمد نے کہا کہ 16 دسمبر کا دن معصوم بچوں کی عظیم شہادت اور لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، جسے پوری قوم کبھی فراموش نہیں کر سکتی، ہم آرمی پبلک سکول کے معصوم شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور ان کی شہادت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا کہنا تھا کہ معصوم بچوں کی قربانیوں نے پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد کر دیا اور ان کی شہادت نے پاکستان میں امن کی بنیاد رکھی، شہید بچے اور اساتذہ پوری قوم کے ہیرو ہیں جن کی قربانیاں ہمیشہ مشعلِ راہ رہیں گی۔ سارہ احمد نے مزید کہا کہ آج کے دن ہم شہدائے اے پی ایس سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں اور ان معصوم شہداء کو دل کی گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، بچوں کے تحفظ اور امن کے قیام کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔