نواب ٹاؤن میں جعلی سی سی ڈی اہلکاروں نے شہری کو لوٹ لیا
12-16-2025
(لاہور نیوز) نواب ٹاؤن میں قانون کے رکھوالوں کی جانب سے قانون شکنی کا ایک تشویشناک واقعہ سامنے آ گیا، جہاں دو افراد نے خود کو سی سی ڈی کے اہلکار ظاہر کر کے ایک شہری کو لوٹ لیا۔
متاثرہ شہری مسعود الحق کے مطابق 11 دسمبر کی شام دو باوردی پولیس اہلکاروں نے انہیں روکا اور شناخت کے بعد اپنی موٹرسائیکل پر بٹھا کر ایک ویران جگہ لے گئے، ملزمان نے جعلی انکاؤنٹر کی دھمکیاں دے کر اسلحہ کے زور پر ان سے بینک کارڈ چھین لیا اور اے ٹی ایم کے ذریعے 95 ہزار روپے نکلوا لئے۔ مسعود الحق نے مزید بتایا کہ ملزمان نے ان کا موبائل فون بھی قبضے میں لے کر مختلف ذرائع سے تقریباً 5 لاکھ روپے اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کر لئے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے متاثرہ شہری کی درخواست پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا اور دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا، پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں یاسر شامل ہے جو فلائنگ سکواڈ میں تعینات ہے جبکہ دوسرا ملزم وقار ایس پی یو میں خدمات انجام دے رہا تھا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے اور واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں، شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے عناصر کو سخت سزا دی جائے تاکہ پولیس پر عوام کا اعتماد بحال ہو سکے۔