یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب اور یونیورسٹی آف لیسٹر یوکے میں تعلیمی شراکت داری کا آغاز

12-16-2025

(لاہور نیوز) تعلیمی میدان سے بڑی خبر، یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب اور یونیورسٹی آف لیسٹر برطانیہ کے درمیان تعلیمی شراکت داری کا آغاز ہوگیا۔

یہ شراکت داری عالمگیریت، بین الاقوامی تعلیمی انضمام اور طلبہ کی دیگر ممالک میں نقل و حرکت کیلئے یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب کے سٹریٹجک عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ اس شراکت داری کے تحت ٹو پلس ٹو انڈر گریجوایٹ تعلیمی پروگرام متعارف کرایا گیا ہے، اس کے تحت طلبہ اپنی ڈگری کے ابتدائی دو سال یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب میں مکمل کریں گے جبکہ آخری دو سال یونیورسٹی آف لیسٹر میں تعلیم حاصل کریں گے۔ معاہدے کے تحت طلبہ بیچلر آف سائنس کی ڈگریاں اکنامکس اینڈ ڈیٹا اینالیٹکس اور اکاؤنٹنگ اینڈ فنانس میں حاصل کر سکیں گے، ان کی حتمی ڈگری اور ایکریڈیٹیشن یونیورسٹی آف لیسٹر کی جانب سے دی جائے گی۔ معاہدہ لاہور میں یونیورسٹی آف لیسٹر کے وفد کے دورے کے دوران کیا گیا، اس موقع پر تعلیمی تعاون، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور پاکستانی طلبہ کے لیے عالمی معیار کی تعلیم سے متعلق تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پنجاب گروپ آف کالجز میاں عامر محمود نے کہا کہ یونیورسٹیز کو نوجوانوں کو صرف مقامی کامیابی کیلئے نہیں بلکہ عالمی سطح پر موثر کردار ادا کرنے کیلئے تیار کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی بین الاقوامی شراکت داریوں کے ذریعے ہم اپنے نوجوانوں کو عالمی تجربہ اور اعتماد فراہم کر رہے ہیں تاکہ وہ ایک باہم مربوط دنیا میں قیادت کر سکیں۔ پروریکٹر یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب پروفیسر ڈاکٹر حماد نوید نے یو سی پی کے تعلیمی ویژن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ معاہدہ عالمی تعلیمی تعاون اور معیار پر یو سی پی کے مضبوط عزم کا عکاس ہے جو طلبہ کو دو مختلف اعلیٰ تعلیمی نظاموں کے درمیان ایک منظم اور شفاف تعلیمی سفر فراہم کرتا ہے۔ پرو وائس چانسلر ہیڈ آف کالج اور ایگزیکٹو ڈین یونیورسٹی آف لیسٹر سکول آف بزنس پروفیسر ڈاکٹر ڈینئل لیڈلی نے کہا کہ یہ معاہدہ طلبہ کو قابل اعتماد تعلیمی راستہ فراہم کرتا ہے جو نصاب کی تیاری کو مزید مستحکم بناتا ہے۔ کنٹری ڈائریکٹر برٹش کونسل آف پاکستان جیمز ہیمپسن نے پاکستان اور برطانیہ کے تعلیمی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے معاہدے نوجوانوں کو ملازمت کے مواقع فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر بین وارنگٹن نے معاہدے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی شراکت داریاں تعلیمی معیار اور نوجوانوں کی صلاحیتوں میں سرمایہ کاری کے مشترکہ عزم کو اجاگر کرتی ہیں۔ تقریب کے اختتام پر چیئرمین پنجاب گروپ آف کالجز میاں عامر محمود نے بین الاقوامی روابط کے حوالے سے یو سی پی کے طویل المدتی ویژن کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مشن ہے کہ پاکستانی طلبہ کو عالمی اداروں سے جوڑ ا جائے۔