سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 7 خوارج جہنم واصل، ایک جوان شہید

12-15-2025

(لاہور نیوز) سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان آپریشن میں 7 خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے کلاچی کے علاقے میں انڈین پراکسی فتنہ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 7 خوارج ہلاک جبکہ وطن کے بہادر سپوت نائیک یاسر خان جام شہادت نوش کر گئے، شہید کا تعلق ضلع مردان سے ہے۔ دوسری جانب آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مارے گئے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا، ہلاک ہونے والے خوارج علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ علاقے میں مزید ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے، ملک سے غیرملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز بھارتی سپانسرڈ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے اِس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔