بگ بیش لیگ میں ڈیبیو سے قبل بابر اعظم کا اپنے والد سے متعلق بیان سامنے آگیا
12-14-2025
(ویب ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بیٹر بابر اعظم نے آسٹریلیا کی معروف ٹی ٹوئنٹی لیگ بگ بیش لیگ میں سڈنی سکسرز کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنا ڈیبیو کر لیا۔
پرتھ گرائونڈ میں ایڈم گلگرسٹ اور ہاؤی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرتھ کا موسم اس وقت انتہائی خوشگوار ہے جو کرکٹ کھیلنے کے لیے نہایت موزوں ہے۔ آسٹریلیا میں کرکٹ کھیلنا ہمیشہ ایک خاص تجربہ ہوتا ہے کیونکہ یہاں کے گراؤنڈز، تماشائی اور ماحول کھلاڑی کو بہترین کارکردگی دکھانے کا موقع فراہم کرتے ہیں پاکستانی اسٹار بیٹر نے اس خوشی کا بھی اظہار کیا کہ اس موقع پر ان کے اہلخانہ بھی آسٹریلیا میں موجود ہیں۔انہوں نے اپنے والد کا خصوصی طور پر ذکر کیا اور کہا کہ ان کے والد کو سفر کرنے کا بے حد شوق ہے اور وہ کرکٹ دیکھنے کے بھی دلدادہ ہیں۔ بچپن میں بھی ان کے والد انہیں مختلف میچز اور گراؤنڈز میں لے جایا کرتے تھے، جس کی وجہ سے ان میں کرکٹ کا شوق مزید پختہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ آج وہ جس مقام پر ہیں، اس میں ان کے والد کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کا بڑا کردار ہے۔ بابر اعظم کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ ان کے والد اس وقت آسٹریلیا میں موجود ہیں اور ان کا بگ بیش لیگ میں کھیلنا براہِ راست دیکھ رہے ہیں واضح رہے کہ بابر اعظم کی بگ بیش لیگ میں شمولیت کو شائقین کرکٹ کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے، جبکہ سڈنی سکسرز کی ٹیم کو بھی ان سے شاندار کارکردگی کی توقع ہے۔ کرکٹ ماہرین کے مطابق بابر اعظم کی موجودگی سے لیگ کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوگا۔