انڈر 19 ایشیاکپ: بھارت کا پاکستان کو جیت کیلیے 241 رنز کا ہدف
12-14-2025
(ویب ڈیسک) انڈر 19 ایشیاکپ میں بھارت نے پاکستان کو جیت کے لیے 241 رنز کا ہدف دے دیا۔۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کرکٹ اکیڈمی دبئی میں شیڈول میچ بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہوا۔ دونوں اننگز کو ایک ایک اوور کٹوتی کے بعد 49 اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تو یو اے ای کے خلاف رنز کا پہاڑ کھڑا کرنے والی ٹیم 46.1 اوورز میں 240 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔ آرون جارج 85 اور کنشک چوہان 46 رنز بناکر نمایاں رہے۔ پچھلے میچ میں 171 رنز کی اننگز کھیلنے والے ویبھاو سوریاونشی صرف 5 رنز بناسکے۔ پاکستان کی جانب سے محمد صیام اور عبدالسبحان نے 3،3، نقاب شفیق نے 2 جبکہ علی رضا اور احمد حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ یاد رہے کہ دونوں ٹیموں نے ایونٹ میں اپنے اپنے افتتاحی میچز میں بڑی فتوحات سمیٹی ہیں۔ پاکستان نے ملائیشیا کو 297 رنز جبکہ بھارت نے یو اے ای کو 234 رنز سے شکست دی تھی۔