پاکستان بار کونسل کا الیکشن، احسن بھون گروپ نے حامد خان گروپ کو شکست دے دی

12-13-2025

(محمد اشفاق) پاکستان بار کونسل کے الیکشن میں احسن بھون گروپ نے حامد خان گروپ کو شکست دے دی۔

احسن بھون گروپ نے پنجاب کی 11 نشستوں میں سے 8 نشستوں پر کامیابی حاصل کر لی، حامد خان گروپ پنجاب میں صرف 2 نشستیں حاصل کر سکا۔ پاکستان بار کونسل کی پنجاب میں گیارہویں نشست پر تا حال فیصلہ نہ ہو سکا، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور احسن بھون کا کامیابی پر وکلا کو شکریہ کہا یہ فتح آئین قانون کی بالادستی اور جمہوریت کی فتح ہے۔ پاکستان بار کونسل کی پنجاب میں 11 نشستوں پر 25 امیدواروں میں مقابلہ ہوا، مجموعی طور پر پنجاب بار کونسل کے 75 ممبران نے اپنے اپنے ووٹ کاسٹ کئے۔ ووٹنگ کے بعد غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق احسن بھون گروپ آٹھ نشستیں لے کر کامیاب قرار پایا جبکہ حامد خان گروپ صرف دو نشستیں لے سکا۔ احسن بھون گروپ میں سے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، انڈیپینڈنٹ گروپ کے سربراہ احسن بھون، طاہر نصر اللہ وڑائچ، عامر سعید راں، پیر مسعود چشتی، ثاقب اکرم گوندل، حفیظ الرحمان چودھری، سید قلب حسن ممبر پاکستان بار کونسل منتخب ہو گئے۔ انڈیپینڈنٹ گروپ کی فتح پر وفاقی وزیر قانون اعظم نزیر تارڑ اور احسن بھون نے کہا کہ یہ آئین اور جمہوریت کی فتح ہے۔ حامد خان گروپ کے صرف 2 امیدوار ممبر پاکستان بار کونسل پنجاب سے منتخب ہو سکے، سلمان اکرم راجہ ممبر اور شفقت محمود چوہان ممبر پاکستان بار کونسل منتخب ہو گئے۔ سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ہم عدلیہ کی ازادی کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے پاکستان بار کونسل کی پنجاب میں گیارہویں نشست پر تا حال فیصلہ نہیں ہو سکا، اس حوالے سے حتمی نتائج 22 دسمبر کو جاری کئے جائیں گے۔