فوڈ فراڈ مافیا کے خلاف کارروائیاں، مربہ یونٹ بند، کروڑوں مالیت کی اشیاء ضائع
12-13-2025
(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے لاہور میں فوڈ فراڈ مافیا کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر لاہور نے فیلڈ آپریشن کرتے ہوئے ناقص مربہ تیار کرنے والے یونٹ کو بند کر کے مقدمہ درج کر لیا۔ کارروائی کے دوران 36 ہزار کلوگرام ناقص مربہ، گلی سڑی سبزیاں اور ممنوعہ کیمیکلز تلف کر دیئے گئے، ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق گاجر، آملہ اور ہریڑ سے تیار کردہ ناقص مربہ کی بڑی کھیپ برآمد کی گئی، جس کی مالیت تقریباً 1 کروڑ 80 لاکھ روپے تھی۔ عاصم جاوید نے بتایا کہ یونٹ میں کیڑے اور فنگس زدہ پھلوں سے مربہ تیار کیا جا رہا تھا، جبکہ ہریڑ، گاجر اور آملہ کی رنگت سیاہ اور ان میں واضح طور پر کیڑے موجود تھے، مزید انکشاف ہوا کہ یونٹ کا مالک پھلوں اور سبزیوں سے بدبو، کیڑے اور فنگس ختم کرنے کے لئے ممنوعہ کیمیکلز استعمال کر رہا تھا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق ان غیر معیاری مربہ جات کو دلکش پیکنگ میں بند کر کے پنجاب بھر میں فروخت کرنے کی تیاری کی جا رہی تھی، زیادہ منافع کی خاطر عوام کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ عاصم جاوید نے واضح کیا کہ غذائی دہشتگردوں اور فوڈ فراڈ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبے کو ملاوٹ سے پاک بنانے کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی دن رات کوشاں ہے۔