موٹر وہیکل آرڈیننس میں ترامیم کے مثبت اثرات، حادثات کی شرح میں کمی
12-12-2025
(لاہور نیوز) موٹر وہیکل آرڈیننس میں حالیہ ترامیم اور ٹریفک قوانین کے سخت نفاذ کے مثبت اثرات سامنے آنے لگے۔
شہر میں ٹریفک اصلاحات کے نتیجے میں صرف 12 روز میں مہلک حادثات کی شرح میں 47 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے جسے شہریوں کی جانوں کے تحفظ کے حوالے سے ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کے مطابق ٹریفک پولیس نے گزشتہ 12 روز سے زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں تیز کر رکھی ہیں، انہوں نے بتایا کہ حادثات میں نمایاں کمی کی بڑی وجہ شہریوں میں ٹریفک ڈسپلن کے حوالے سے پیدا ہونے والی بہتری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے شہر کے مختلف چوراہوں اور سگنلز پر میگا فون کے ذریعے آگاہی مہم بھی جاری ہے، جس کا مقصد ڈرائیوروں کو قوانین کی پابندی کی اہمیت سمجھانا ہے۔ سی ٹی او نے واضح کیا کہ قوانین کا موثر نفاذ تب ہی ممکن ہے جب کارروائی بلا امتیاز کی جائے، اسی سلسلے میں گزشتہ 12 دنوں میں تقریباً 750 سرکاری محکموں کی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی، جس سے یہ پیغام مضبوط ہوا کہ ٹریفک قوانین سب کیلئے یکساں ہیں۔ لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق اصلاحاتی اقدامات آئندہ دنوں میں مزید سخت کئے جائیں گے تاکہ سڑکوں کو زیادہ محفوظ بنایا جا سکے اور حادثات کی شرح میں مزید کمی لائی جا سکے۔