میٹرو بس سٹیشنز کی سولر سسٹم پر منتقلی منصوبہ، ایگزیکیوشن ایجنسی کا فیصلہ تاخیر کا شکار
12-11-2025
(لاہور نیوز) لاہور میں میٹرو بس اسٹیشنز کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کے 2 ارب 40 کروڑ روپے کے منصوبے پر ٹیپا اور ایل ڈی اے انجینئرنگ ونگ کے درمیان اختلافات سامنے آگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق دونوں ادارے منصوبے کی ایگزیکیوشن ایجنسی بننے کے خواہش مند ہیں، جس کے باعث منصوبے کی پیش رفت متاثر ہو رہی ہے۔ ٹیپا نے ایل ڈی اے انجینئرنگ ونگ کے سامنے اپنا اصولی مؤقف رکھ دیا ہے کہ ماضی میں بھی وہ ہی میٹرو بس منصوبے کی ایگزیکیوٹنگ ایجنسی رہ چکا ہے، اس لیے سولر سسٹم کا منصوبہ بھی اسی کے دائرے اختیار میں آتا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایل ڈی اے انجینئرنگ ونگ اس منصوبے پر کافی عرصے سے بھاگ دوڑ کر رہا تھا جبکہ ٹیپا کا کہنا ہے کہ منصوبے کا بنیادی ڈیزائن پہلے سے اس کے پاس موجود ہے اور سولر سسٹم پر منتقلی ٹیپا کے مینڈیٹ میں شامل ہے۔ افسران کے اختلاف کے باعث 25 میٹرو بس سٹیشنز کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کے منصوبے کے لیے ایگزیکیوشن ایجنسی کا فیصلہ نہ ہو سکا اور منصوبہ تاحال تعطل کا شکار ہے، یاد رہے کہ حتمی فیصلہ محکمہ ٹرانسپورٹ اور پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی جانب سے کیا جائے گا۔