پنجاب کی شاہراہوں پر مسافروں کی سیفٹی کیلئے معاہدہ، مشترکہ آپریشنز کا آغاز
12-11-2025
(لاہور نیوز) پنجاب کی شاہراہوں پر مسافروں کی سیفٹی کیلئے اہم معاہدہ طے پا گیا، پنجاب پولیس اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے درمیان مشترکہ آپریشنز کا آغاز ہو گیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور ایڈیشنل آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سعد اختر بھروانہ نے اس معاہدے پر دستخط کئے، اس موقع پر دونوں اداروں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے، جن میں ڈی آئی جی آر اینڈ ڈی فوادالدین قریشی، ڈی آئی جی موٹرویز سینٹرل زون عمران شاہد اور اے آئی جی ایڈمن اینڈ سکیورٹی ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی شامل تھے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اس معاہدے کے تحت ایک نئے مشترکہ سیفٹی آپریشنز کا آغاز کیا ہے جس میں دونوں فورسز شاہراہوں پر پبلک سروس وہیکلز کی مشترکہ چیکنگ کریں گی، اس آپریشن کا آغاز رات گئے سے کر دیا گیا ہے اور اس میں ڈرائیورز، کنڈیکٹرز اور ہیلپرز کی چیکنگ کے ساتھ ساتھ ڈیٹا کولیکشن کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے، غیر تصدیق شدہ ڈرائیورز اور عملے کو موٹرویز پر آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس کے علاوہ دہشت گردی، سمگلنگ اور چوری شدہ گاڑیوں کی روک تھام کیلئے دونوں فورسز نے قومی شاہراہوں پر رئیل ٹائم انٹیلی جنس شیئرنگ شروع کر دی ہے، آئی جی پنجاب نے کہا کہ اس نظام کے تحت فورسز فوری طور پر مشتبہ افراد کے داخلے یا مجرمانہ نقل و حرکت پر الرٹ ہو جائیں گی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس دونوں ادارے ڈیٹا شیئرنگ اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کریں گے تاکہ شاہراہوں کو محفوظ بنایا جا سکے، نیشنل ہائی ویز پر مشتبہ افراد کے داخلے یا دوران سفر غیرقانونی سرگرمیوں کی صورت میں فوراً کارروائی کی جائے گی، دھند اور تعطیلات کے دوران شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کیلئے دونوں فورسز کا مشترکہ ٹریفک مینجمنٹ پلان بھی فعال ہو گا۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ دونوں فورسز قدرتی آفات یا حادثات کی صورت میں مشترکہ طور پر ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کریں گی، اس تعاون سے ریسپانس کا وقت کم ہو گا اور عوام کو جلد مدد فراہم کی جا سکے گی۔