ڈیلرز کے مارجن میں 5 سے 10 فیصد اضافہ، پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کا امکان

12-10-2025

(لاہور نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پٹرولیم مصنوعات پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) اور پٹرولیم ڈیلرز کے مارجن میں 5 سے 10 فیصد اضافے کی منظوری دے دی جس کے نتیجے میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا امکان پیدا ہو گیا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں او ایم سیز اور ڈیلرز کے منافع میں مرحلہ وار اضافہ منظور کیا گیا۔ جاری اعلامیے کے مطابق مارجن میں نصف اضافہ فوری طور پر نافذ ہو گا جبکہ باقی نصف اضافہ پٹرولیم سپلائی چین کی ڈیجیٹلائزیشن سے مشروط ہو گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ منافع میں اضافے کے باعث پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لٹر 2 روپے 56 پیسے تک اضافہ متوقع ہے، جو آئندہ قیمتوں کے شیڈول میں منتقل کیا جا سکتا ہے۔ اقتصادی ماہرین کے مطابق او ایم سیز اور ڈیلرز کے مارجن میں اضافے کا مقصد شعبے کی لاجسٹک اور آپریشنل لاگت کو پورا کرنا ہے، تاہم اس فیصلے سے عوام پر اضافی بوجھ پڑنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔