پنجاب موٹر وہیکل آرڈیننس 2025 پر فوری عملدرآمد روکنے کی استدعا مسترد
12-08-2025
(محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب موٹر وہیکل آرڈیننس 2025 پر فوری عمل درآمد روکنے کی استدعا مسترد کر دی۔
عدالت نے پنجاب موٹر وہیکل آرڈیننس 2025 کے خلاف درخواست پر پنجاب حکومت سمیت دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 2 ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ موٹر وہیکل آرڈیننس کے تحت جرمانوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے، شہریوں کو بھاری جرمانے اور مقدمات درج کئے جا رہے ہیں۔ ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے نکتہ اٹھایا کہ پارلیمنٹ کی موجودگی میں آرڈیننس جاری نہیں کیا جا سکتا لہٰذا عدالت موٹر وہیکل آرڈیننس کو غیر آئینی قرار دے اور درخواست کے حتمی فیصلے تک موٹر وہیکل آرڈیننس پر فوری عملدرآمد روکنے کا حکم دے۔ عدالت نے پنجاب حکومت سمیت دیگر سے 2 ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے موٹر وہیکل آرڈیننس پر فوری عملدرآمد روکنے کی استدعا مسترد کر دی اور کہا کہ فریقین کا جواب سامنے آنے کے بعد آرڈیننس پر عمل درآمد روکنے سے متعلق فیصلے کریں گے۔