جماعتِ اسلامی کا لاہور سمیت 21 دسمبر کو ملک بھر میں دھرنا دینے کا اعلان

12-07-2025

(لاہور نیوز) امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے 21 دسمبر کو پنجاب کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں دھرنا دینے کا اعلان کر دیا۔

لاہور میں پنجاب کے بلدیاتی قانون کے خلاف مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ یہ پہلا ایکٹ لاتے ہیں اور اس کو چیلنج کر کے قوم کو بیوقوف بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پنجاب کا بلدیاتی ایکٹ نہیں یہ کالا قانون ہے، یہ قانون شہروں کا اور یونین کونسل کا حق بھی کھا رہا ہے، جاگیرداروں نے پورے سسٹم پر قبضہ کیا ہوا ہے جبکہ یہ ہی لوگ ظلم کے اس نظام کو قائم رکھتے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم نے کہا کہ ہم 21 دسمبر کو پورے پنجاب کے ساتھ ساتھ پورے ملک میں دھرنا دیں گے، یہ جو کچھ بانٹتے ہیں اپنے ہی خاندان میں دیتے ہیں، 40، 40 سال پولٹیکل ورکر محنت کرتا ہے لیکن کبھی پارٹی کا سربراہ نہیں بن سکتا، یہاں تو چچا وزیرِ اعظم اور بھتیجی وزیرِ اعلیٰ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب قوم کے سامنے جھوٹ بولتے ہیں، ہم  نے مل کر اس نظام کا خاتمہ کرنا ہے، جماعتِ اسلامی عوام کے ساتھ اتحاد کر رہی ہے، میں حکومت سے پوچھتا ہوں کہ کوئی عوام کی آواز کے لیے بینر لگائے اور آپ اتار دیں؟ امیرِ جماعتِ اسلامی نے کہا کہ تمام اختیارات بلدیاتی حکومتوں کے حوالے ہونے چاہئیں، تحصیل گورنمنٹ کا اختیار ہونا چاہیے، یہ ملکاؤ اور بادشاہوں کا نظام نہیں ہے جس کو چاہا نواز دیا، ہم اس کے خلاف عدالت میں جائیں گے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ہمیں معلوم ہے ان لوگوں نے عدالتوں میں بھی قبضہ کیا ہوا ہے، یہ جو خاندانی پارٹیاں ہیں یہی مضبوط ہوتی رہیں، اس حوالے سے شعور آنا بہت ضروری ہے۔