چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کا نولکھا چرچ کا دورہ
12-07-2025
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بچوں کیلئے محفوظ پنجاب کے وژن کے تحت چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو، ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب سارہ احمد نے نولکھا چرچ کا دورہ کیا۔
چیئرپرسن سارہ احمد نے بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے بچوں کے تحفظ، گڈ ٹچ بیڈ ٹچ اور پازیٹو پیرنٹنگ کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے بچوں کے آن لائن استحصال سے بچاؤ اور سیفٹی کے حوالے سے خصوصی لیکچر دیا۔ چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں صوبے بھر میں بچوں کے تحفظ کیلئے مؤثر اقدامات جاری ہیں، بچوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کیلئے پہلی مرتبہ بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی بنائی گئی ہے، بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے قیام سے اقلیتی مذاہب کے بچوں کے مسائل کے حل میں بہتری آئے گی۔ سارہ احمد نے کہا کہ اقلیتی مذاہب کے بچوں کے تحفظ کیلئے خصوصی آگاہی مہم، کمیونٹی پروگرامز اور ٹریننگ سیشنز کروائے جارہے ہیں، بچوں کے تحفظ کیلئے والدین، اساتذہ، مذہبی رہنماؤں اور کمیونٹی لیڈرز کا کردار بہت اہم ہے، چائلڈ پروٹیکشن بیورو مسیحی کمیونٹی سمیت تمام اقلیتی مذاہب کے بچوں کے تحفظ کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب کے بچوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے اقدامات کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، چائلڈ پروٹیکشن بیورو تمام مذاہب کے بچوں کے مسائل کے فوری حل اور بہتر رسپانس کیلئے ادارہ جاتی نظام مزید مضبوط بنا رہا ہے، کمسن بچوں پر کسی بھی قسم کے تشدد کے بارے میں چائلڈ ہیلپ لائن 1121 پر فوری اطلاع کریں۔