نواز شریف کی قیادت میں آئندہ انتخابات میں تاریخی نتائج آئیں گے: وزیراعظم
12-06-2025
(لاہور نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کا سب سے بڑا کارنامہ ملک کو ایٹمی قوت بنانا ہے اور پاکستان اگر ایٹمی طاقت نہ ہوتا تو اس سال جنگ میں حالات مختلف ہوتے، نواز شریف کی قیادت میں آئندہ انتخابات میں تاریخی نتائج آئیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گوجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ بس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کہا کہ پورے پاکستان میں(ن) لیگ کانعرہ بلند ہوگا، نوازشریف کی قیادت میں پنجاب میں پہلی مرتبہ تعمیراتی سیاست کا آغاز ہوا، نوازشریف نے بطور وزیراعلیٰ اور وزیراعظم جو کام انجام دیے تاریخ ہمیشہ یاد رکھےگی۔ انہوں نے کہا کہ آج آپ کے شہر میں جو منصوبہ وزیراعلیٰ پنجاب نے تحفہ دیا ہے اس سے پوری ضلع کی تقدیر بدلے گی، اس منصوبے سے شہریوں کو بے پناہ سہولتیں میسر ہوں گی۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے بچے وقت پر سکول پہنچ سکیں گے، مزدور کارخانوں میں، وکلا عدالتوں میں پہنچ سکیں گے، غرض یہ کہ ماس ٹرانزٹ منصوبے سے زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والا مستفید ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے لاہور میں دل کے امراض کا پہلا ہسپتال تعمیرا کرایا اور عام آدمی کے لیے ترقیاتی منصوبے تعمیرا کرائے، نوازشریف کا سب سے بڑا کارنامہ ملک کو ایٹمی قوت بنانا ہے اور پاکستان اگر ایٹمی طاقت نہ ہوتا تو اس سال جنگ میں حالات مختلف ہوتے۔ شرکاء سے مخاطب ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ لاہور کا شمار دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں ہوتا تھا مگر اسموگ میں آج کمی آئی ہے تو اس پر مریم نواز اور ان کی ٹیم کو شاباش ملنی چاہیے، یہ تمام کام کوئی چاہے بھی تو اس کو چھپا نہیں سکتا اور مخالف کو بھی ان کاموں کا اقرار کرنا پڑےگا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا خطاب اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ صوبے میں ترقیاتی سرگرمیوں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے، گجرات میں 30 ارب روپے کا بڑا منصوبہ زیرِ تکمیل ہے، جہاں نئی سیوریج لائنیں بچھائی جا رہی ہیں، جب کہ ایک لاکھ 20 ہزار گھروں کی تعمیر بھی جاری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت نے گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں میٹرو بس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات مل سکیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنی تقریر میں اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان کی بڑے پیمانے کی ترقیاتی تاریخ چاہے وہ ایٹمی پروگرام ہو یا موٹر ویز نواز شریف اور شہباز شریف کے دور میں رقم ہوئی، گزشتہ 4 سال میں جو لوگ حکومتی صفوں میں تھے، وہ ملک کے ڈیفالٹ ہونے کی پیشگوئیاں کرتے رہے مگر آج حقائق کچھ اور ہیں۔ انہوں نے خیبر پختونخوا کی سابقہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صوبے میں 12 سال کی مسلسل حکمرانی کے باوجود کوئی نمایاں ترقی نہیں دکھائی دیتی، کے پی کا پچھلا وزیراعلیٰ سیاسی محاذ آرائی میں مصروف رہتا تھا جبکہ موجودہ وزیراعلیٰ اکثر اڈیالہ جیل کے باہر بیٹھا نظر آتا ہے۔