پنجاب میں کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کا دائرہ کار تمام اضلاع تک پھیلانے کا فیصلہ
12-06-2025
(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے صوبے میں منشیات کے خلاف اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کیلئے کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کا دائرہ کار تمام اضلاع تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکام کے مطابق بڑے اضلاع میں کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے سٹیشنز تھانوں کی طرز پر قائم کئے جائیں گے جو منشیات سے متعلق کارروائی، نگرانی اور معلومات کے تبادلے کا اہم کردار ادا کریں گے۔ لاہور میں ابتدائی طور پر تین کاؤنٹر نارکوٹکس فورس سٹیشنز قائم کئے جائیں گے جبکہ راولپنڈی، ملتان، گوجرانوالہ، بہاولپور، سرگودھا، فیصل آباد اور ڈی جی خان میں بھی اسی طرز پر سٹیشنز بنائے جائیں گے۔ عوام کی سہولت کیلئے کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کی ہیلپ لائن اور ایمرجنسی نمبر بھی جاری کیا جائے گا تاکہ شہری کسی بھی مشتبہ سرگرمی، منشیات فروشی یا متعلقہ شکایات کی فوری اطلاع حکام تک پہنچا سکیں۔ پہلے فیز میں ہیڈکوارٹر سمیت تمام ابتدائی نارکوٹکس سٹیشنز نے اپنا کام شروع کر دیا ہے، جبکہ دوسرے فیز میں صوبے کے تمام اضلاع میں نارکوٹکس فورس سٹیشنز قائم کئے جائیں گے۔ پنجاب حکومت کے مطابق کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کا صوبائی سطح پر پھیلاؤ نوجوان نسل کو منشیات کے مضر اثرات سے بچانے اور منشیات کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے میں اہم سنگِ میل ثابت ہو گا۔