پنجاب بھر سے 31,000 سے زائد غیرقانونی مقیم افغان باشندوں سمیت غیرملکی ڈی پورٹ

12-06-2025

(لاہور نیوز) پنجاب پولیس نے غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکی باشندوں کے انخلا کا عمل تیز کر دیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق، اب تک لاہور سمیت پورے صوبے سے 31,000 سے زائد غیر قانونی مقیم افغان باشندوں سمیت غیر ملکیوں کو ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے۔ ترجمان کے مطابق، ڈی پورٹ ہونے والوں میں 11,362 مرد، 6,426 خواتین اور 19,366 بچے شامل ہیں، ان افراد میں 9,931 کے پاس رہائشی ثبوت تھے، 11,064 افغان شہریت کارڈ کے حامل تھے، اور 10,016 افراد غیر قانونی طور پر مقیم تھے۔ پنجاب میں 46 ہولڈنگ سینٹرز قائم کئے گئے ہیں، جن میں لاہور میں 5 سینٹرز شامل ہیں، جہاں ڈی پورٹ ہونے والے افراد کو عارضی طور پر رکھا جا رہا ہے، اس دوران سکیورٹی کی صورتحال بھی ہائی الرٹ ہے تاکہ انخلا کے عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور  نے کہا کہ پنجاب پولیس بین الاقوامی قوانین کے تحت غیرقانونی مقیم باشندوں کے انخلا کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اس عمل کے دوران انسانی حقوق کا مکمل احترام کیا جا رہا ہے، تمام غیرقانونی مقیم افراد کا انخلا یقینی بنایا جائے گا اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔