پنجاب: صوبے کو غیر قانونی اسلحے سے پاک کرنے کیلئے نیا قانون تیار
12-06-2025
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے صوبے کو غیر قانونی اسلحے سے پاک کرنے کیلئے ایک نیا قانون تیار کر لیا۔
پنجاب سرنڈر آف الیگل آرمز ایکٹ 2025 کا ڈرافٹ مکمل کر لیا گیا ہے جس میں ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کیلئے سخت جرمانے اور سزائیں تجویز کی گئی ہیں۔ حکومت کی جانب سے عوام کو 15 دن کی مہلت دی جائے گی، جس دوران شہری بلا خوف و خطر اپنا غیر قانونی اسلحہ قریبی تھانے یا سی سی ڈی (کاؤنٹر کرائم ڈیپارٹمنٹ) میں جمع کرا سکیں گے، اس مدت میں ہتھیار جمع کرانے والوں کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں کی جائے گی۔ حکام کے مطابق جمع کرائے جانے والے ہر اسلحے کی رسید جاری کی جائے گی اور اسلحے کا ڈیجیٹل ریکارڈ تیار کیا جائے گا تاکہ اس کے بعد کسی بھی قسم کی دھاندلی یا بدعنوانی سے بچا جا سکے، مہلت ختم ہونے کے بعد جو لوگ غیر قانونی اسلحہ جمع نہیں کرائیں گے، ان کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں گے، جن میں قانونی کارروائیاں اور سزا بھی شامل ہو سکتی ہے۔ نئے قانون میں لائسنس یافتہ اسلحہ رکھنے والوں کی مکمل جانچ پڑتال بھی کی جائے گی، ٹیکس نادہندگان یا سنگین جرائم میں ملوث افراد کے اسلحہ لائسنس منسوخ کئے جا سکیں گے، اگر کسی کے پاس ہتھیار رکھنے کا جواز نہ ہو تو اس کا اسلحہ لائسنس فوری طور پر منسوخ کر دیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ قانون سازی کے مکمل ہوتے ہی پنجاب بھر میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا جائے گا تاکہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے اور جرائم کی شرح میں کمی لائی جا سکے۔