جعلی شناخت پر سپین جانے کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار
12-06-2025
(لاہور نیوز) ایف آئی اے امیگریشن نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے جعلی شناخت پر بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔
ایک مسافر نے اپنے بھائی کے پاسپورٹ کا استعمال کرتے ہوئے سپین جانے کی کوشش کی، جسے ایف آئی اے نے گرفتار کر لیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مسافر نے سپین جانے کیلئے مہران پرواز کیوآر 629 پر سوار ہونے کی کوشش کی، تاہم اس کی شناخت پاسپورٹ پر موجود تصویر سے مطابقت نہیں رکھتی تھی، مسافر کا تعلق گوجرانوالہ سے تھا اور اس کی جعلی شناخت کی فوری طور پر تصدیق کی گئی۔ ملزم نے ایف آئی اے کی تحقیقات کے دوران اعتراف کیا کہ وہ سپین کا رہائشی ہے اور ماضی میں پرانے پاسپورٹ کے ذریعے سفر کر چکا ہے، اس کا کہنا تھا کہ آن لائن پاسپورٹ رینیول کے دوران اس نے اپنے بھائی کی تصویر کو موجودہ پاسپورٹ پر لگا دیا تھا تاکہ وہ غیر قانونی طور پر اپنے بھائی کو سپین لے جا سکے۔ ایف آئی اے نے مسافر کو جعلی پاسپورٹ پر سفر کرنے کی کوشش کے دوران آف لوڈ کر لیا اور اس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی، ایف آئی اے حکام نے کہا ہے کہ اس طرح کی جعلی شناخت پر سفر کرنے کی کوششیں ناقابل برداشت ہیں اور ایسے اقدامات کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔