پولیس کا انسدادِ منشیات آپریشن، رواں سال 11 ہزار 423 منشیات فروش گرفتار

12-06-2025

(لاہور نیوز) پولیس کی جانب سے انسدادِ منشیات کے آپریشنز میں تیزی آئی ہے، جس کے دوران رواں سال 11,423 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

پولیس  نے ان ملزمان کے خلاف متعدد مقدمات درج کئے ہیں اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی ہیں۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 5,340 کلو چرس، 1,150 کلو آئس، 573 کلو ہیروئین، 310 کلو افیون اور 60,683 لٹر شراب برآمد کی گئی ہے، یہ آپریشنز شہر بھر میں منشیات کی روک تھام کیلئے اہم قدم ثابت ہو رہے ہیں۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے منشیات فروشوں اور سمگلرز کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لانے کا حکم دیا ہے،  ان کا کہنا تھا کہ منشیات کی سپلائی چین میں ملوث تمام عناصر کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ سی سی پی او لاہور  نے تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات فروشی کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایت بھی کی ہے تاکہ نوجوان نسل کو منشیات کے شکنجے سے بچایا جا سکے۔ بلال صدیق کمیانہ  نے آئس اور ہیروئن سمیت تمام ماڈرن نشوں کے خاتمے کیلئے فیلڈ فورس کو مزید متحرک کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ منشیات کی روک تھام کی مؤثر کوششیں کی جا سکیں۔ لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ انسدادِ منشیات کی مہم جاری رہے گی اور شہر کو منشیات سے پاک کرنے تک یہ آپریشنز تسلسل کے ساتھ چلتے رہیں گے۔