خاتون خاکروب نے کوڑے سے ملے 9 لاکھ مالک کو واپس کر دیے
12-06-2025
(ویب ڈیسک) ایک خاتون خاکروب نصرت بی بی نے کوڑا دان سے ملنے والے نو لاکھ روپے مالک کو واپس کر کے ایمانداری کی مثال قائم کر دی۔
سینیٹری ورکر نصرت بی بی صوبائی حکومت کے ستھرا پنجاب منصوبے کے ایک لاکھ 30 ہزار ملازمین میں شامل ہیں، جن کا کام صوبے کے چھوٹے بڑے شہروں میں صفائی کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مجھے محلہ نگہبان پورہ کی گلی میں کوڑے سے ایک پیکٹ ملا، کھولا تو اس میں نوٹوں کی گڈیاں تھیں، میں نے اپنے سپروائزر کو اس کے متعلق بتایا، جنہوں نے پیسوں کے مالک کو ڈھونڈ کر رقم ان کے حوالے کر دی۔ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے بتایا کہ نصرت بی بی نے ایمانداری کی مثال قائم کی ہے، اس لیے انہیں مجموعی طور پر تین لاکھ روپے انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹ دیا جا رہا ہے جبکہ خاتون کے ایک بیٹے کو ضلعی انتظامیہ میں نوکری بھی دی جا رہی ہے۔ پانچ بچوں کی ماں نصرت بی بی کا کہنا تھا کہ ہم میاں بیوی نے محنت کر کے اپنے بچوں کو پالا ہے، ساری زندگی خود بھی رزق حلال کھایا اور بچوں کو بھی وہی کھلایا ہے، میری جو افسران نے حوصلہ افزائی کی ہے اس پر بہت خوشی ہوئی، میرے لیے یہ سب سے بڑا اعزاز ہے کہ مجھ جیسی غریب کو اتنی عزت دی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ امریکی جریدے فوربز نے حال ہی میں ستھرا پنجاب پروگرام کو دنیا کا بڑا منظم ویسٹ مینجمنٹ سسٹم قرار دیا ہے، انتطامیہ کے ریکارڈ میں بتایا گیا ہے کہ اس نظام کے تحت روزانہ 50 ہزار ٹن کچرا اٹھا کر ٹھکانے لگایا جا رہا ہے۔