علیمہ خان کا بھارتی میڈیا کو انٹرویو تابوت میں آخری کیل ثابت ہوا، خواجہ آصف

12-05-2025

(لاہور نیوز) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے بھارتی میڈیا سے جو بات چیت کی وہ تابوت میں آخری کیل ثابت ہوا۔

نجی ٹی وی کے میں گفتگو میں خواجہ آصف کا یہ بھی دعویٰ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے لوگ طالبان کو بھتہ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ہمیشہ سیاستدانوں سے بات کرنے سے انکار کرتے رہے، پی ٹی آئی کے جس بھی شخص نے پاکستان مخالف بات کی ہے، اس کی پارٹی نے ایک بار بھی مذمت نہیں کی۔ وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف نے ماضی میں جو بھارتی میڈیا کو انٹرویوز دیے، اس میں کبھی پاکستان کے وجود اور سالمیت کے خلاف بات نہیں کی۔ اُن کا کہنا تھا کہ پی پی اور ن لیگ نے کبھی 9 مئی جیسا اقدام نہیں کیا، پیپلز پارٹی کے لیڈر کو پھانسی دی گئی، اس کے باوجود انہوں نے 9 مئی جیسا واقعہ نہیں کیا، بےنظیر بھٹو کو شہید کیا گیا پیپلز پارٹی نے تو کبھی بھارت کو آواز نہیں دی۔ خواجہ آصف نے مزید کہا کہ نواز شریف کو قید کیا گیا جبکہ انہیں تین مرتبہ ہٹایا گیا لیکن انہوں نے کبھی ریڈلائن کراس نہیں کی۔