پنجاب کی تمام 41 شوگر ملوں میں کرشنگ کا آغاز، چینی کی قیمت 179 روپے تک پہنچ گئی

12-05-2025

(لاہور نیوز) کین کمشنر پنجاب امجد حفیظ کا کہنا ہے کہ صوبے کی تمام 41 شوگر ملوں نے باقاعدہ طور پر کرشنگ سیزن کا آغاز کر دیا ہے تاہم چینی کی قیمت 179 روپے تک پہنچ گئی۔

کین کمشنر نے بتایا کہ پنجاب میں 38 لاکھ 71 ہزار 240 میٹرک ٹن گنے کی کرشنگ مکمل کی جا چکی ہے جبکہ 2 لاکھ 83 ہزار 935 میٹرک ٹن چینی تیار ہو گئی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ نئی چینی کی پیداوار کے بعد ایکس مل قیمت 159 سے 162 روپے فی کلو کے درمیان ہے جبکہ مارکیٹ میں چینی 168 سے 179 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ادائیگیوں کے معاملے پر سخت کارروائی کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جھنگ اور فیصل آباد نے گنے کی قیمت کسانوں کو ادا نہ کرنے پر 3 شوگر ملیں سیل کر دیں۔ امجد حفیظ کے مطابق چینی کی ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے خلاف بھی سخت اقدامات جاری ہیں، صوبے میں 500 سے زائد مقدمات درج کیے جا چکے ہیں جبکہ 3 ہزار 952 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، اس دوران پانچ کروڑ 88 لاکھ 66 ہزار روپے سے زائد کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔ کین کمشنر نے مزید کہا کہ ملوں کی نگرانی جاری ہے تاکہ کسانوں کو بروقت ادائیگی یقینی بنائی جا سکے اور مارکیٹ میں چینی کی مصنوعی قلت پیدا نہ ہو۔