لاہور جنرل ہسپتال میں جعلی خاتون ڈاکٹر گرفتار، اعترافِ جرم کر لیا

12-05-2025

(لاہور نیوز) کوٹ لکھپت پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لاہور جنرل ہسپتال میں خود کو ڈاکٹر ظاہر کرنے والی جعلی خاتون ڈاکٹر کو گرفتار کر لیا۔

ملزمہ ہسپتال میں ڈاکٹر بن کر مریضوں اور اُن کے لواحقین سے رشوت وصول کر رہی تھی۔ اے ایس پی کشمالہ فاروق کے مطابق ریکارڈ چیک کرنے پر معلوم ہوا کہ گرفتار خاتون سونیا بی بی کسی بھی میڈیکل انسٹیٹیوٹ سے فارغ التحصیل نہیں اور نہ ہی ان کا ڈاکٹر کے طور پر کوئی اندراج موجود ہے، پولیس کے مطابق ملزمہ کا تعلق چک منگلا، میرپورخاص سے ہے۔ تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ سونیا بی بی اپنے علاقے میں بھی خود کو ڈاکٹر ظاہر کرتی رہی اور شہریوں سے مختلف حیلے بہانوں سے ہزاروں روپے بٹورتی رہی، دورانِ حراست ملزمہ نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا۔ پولیس  نے خاتون کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ ہسپتال انتظامیہ نے سکیورٹی پروٹوکول مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔