سردیوں کا آغاز ہوتے ہی سولر پینلز کی قیمتوں میں کمی کی بجائے اضافہ

12-05-2025

(ویب ڈیسک) موسمِ سرما شروع ہوتے ہی عام طور پر سولر مارکیٹ آف سیزن میں داخل ہو جاتی ہے، تاہم اس مرتبہ توقعات کے برخلاف سولر پینلز کی قیمتوں میں کمی کے بجائے اضافہ دیکھنے میں آیا۔

سوشل میڈیا پر اس حوالے سے گردش کرنے والی افواہوں کے برعکس مارکیٹ کی صورتحال مختلف ہے۔ سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ سردیوں کے آغاز کے ساتھ سولر پینلز کی قیمتیں نمایاں طور پر گھٹ گئی ہیں، مگر ماہرین نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ ڈائریکٹر رینرجی کے مطابق حالیہ مارکیٹ میں سولر پینلز کی قیمتوں میں کسی قسم کی کمی نہیں ہوئی بلکہ تقریباً 10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان سولر ایسوسی ایشن کے سینیئر وائس چیئرمین نے موقف اختیار کیا ہے کہ قیمتوں میں کسی بڑے اضافے کی بات درست نہیں، صرف 3 سے 4 روپے فی واٹ کا معمولی اضافہ ہوا ہے جو عمومی مارکیٹ رجحانات کا حصہ ہے اور اسے کسی بحران یا غیر معمولی مہنگائی سے جوڑنا درست نہیں۔ مارکیٹ ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر شپنگ لاگت یا ڈالر ریٹ میں ہلکی تبدیلیاں تو دیکھنے میں آتی ہیں، مگر اس وقت نہ تو عالمی سپلائی چین میں کوئی بڑی رکاوٹ موجود ہے اور نہ ہی ایسی صورتحال جس سے قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہو۔