ورچوئل ایسٹس کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کے نئے دروازے کھل رہے ہیں: بلال بن ثاقب
12-05-2025
(لاہور نیوز) پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین بلال بن ثاقب نے کہا ہے کہ ورچوئل ایسٹس کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کے نئے دروازے بھی کھل رہے ہیں۔
دبئی میں بائننس بلاک چین ویک کا انعقاد ہوا جس میں بائننس کے بانی سی زیڈ، مائیکل سیلر اور یو اے ای کے وزیر برائے مصنوعی ذہانت عمر سلطان العلمہ بھی شریک تھے۔ پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین بلال بن ثاقب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی ورچوئل ایسٹس ریگولیشن سے متعلق وژن اور امکانات پر روشنی ڈالی۔ بلال بن ثاقب نے کہا ہے کہ پاکستان جیسے ابھرتے ہوئے ممالک کیلئے ورچوئل ایسٹس کی مؤثر ریگولیشن معاشی ترقی کی کلید ہے، پاکستان دنیا کے سامنے کرپٹو ریگولیشن کا ایک قابلِ عمل اور مؤثر ماڈل پیش کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ چیئرمین پی وی اے آر اے نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کے سٹيبل کوائن اور ڈیٹا پوائنٹس سے متعلق کیس سٹڈیز عالمی سطح پر رہنمائی کے طور پر سامنے آ سکتی ہیں، دبئی اور ابوظہبی جیسے عالمی فورمز پر پاکستان کی مستقل اور فعال نمائندگی ملک کیلئے ایک اہم پیش رفت ہے جس سے نہ صرف پاکستان کا موقف عالمی مالیاتی مباحثوں میں مضبوط ہو رہا ہے بلکہ ورچوئل ایسٹس کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کے نئے دروازے بھی کھل رہے ہیں۔ دوسری جانب ماہرین کے مطابق پاکستان کی اس فعال شرکت سے خطے میں ورچوئل فنانس اور بلاک چین کے شعبے میں مستقبل کے تعاون اور سرمایہ کاری کے امکانات مزید روشن ہو گئے ہیں۔