پاکستانی اداکار احسن خان کو برطانوی پارلیمنٹ کا اعزاز حاصل

12-05-2025

(ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کے نامور اداکار احسن خان کو برطانوی پارلیمنٹ کا اعزاز حاصل ہوگیا۔

اداکار کو انڈسٹری اور کمیونٹی کے لیے نمایاں خدمات کے اعتراف میں برطانوی رکنِ پارلیمنٹ افضل خان نے خصوصی شیلڈ پیش کی، یہ اعزاز برطانوی پارلیمنٹ کے کمیٹی روم میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں دیا گیا جس میں ممبرانِ پارلیمنٹ محمد یاسین اور نصرت غنی سمیت دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے دوران مقررین نے احسن خان کی فنی خدمات، سماجی کردار اور کمیونٹی کے لیے ان کی مسلسل جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز ان کی انتھک محنت اور عزم کا عملی اعتراف ہے۔ ان کے مطابق ایسے اعزازات نہ صرف فنکاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں بلکہ نئی نسل کے لیے بھی مثال قائم کرتے ہیں۔ ایوارڈ وصول کرتے ہوئے اداکار نے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ شوبز اور سماجی بھلائی کے کام کو مزید جوش و جذبے کے ساتھ جاری رکھیں گے۔انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو کے کیپشن میں اداکار نے اس لمحے کو  برطانوی پارلیمنٹ کا ایک یادگار دن  قرار دیتے ہوئے بتایا کہ انہیں یہ اعزاز افضل خان (سی بی ای) ممبر پارلیمنٹ کی جانب سے پیش کیا گیا۔