لاہور: تین روزہ امراض چشم کی سالانہ کانفرنس منعقد ہونے کو تیار
12-04-2025
(لاہور نیوز) لاہور میں امراض چشم کا سب سے بڑا سالانہ سائنسی اور تحقیقی اجتماع منعقد ہونے جا رہا ہے، یہ کانفرنس "43 ویں لاہور آفتھلمو اور POA کا تیسرا سالانہ سمپوزیم" کے عنوان سے منعقد ہو گی۔
امراض چشم سے متعلقہ یہ تین روزہ کانفرنس جدید سائنسی تحقیق، امراض چشم کے تدارک کے عالمی رجحانات، لائیو سرجیکل سیشنز، ہینڈز آن ٹریننگ، اور جدید ترین آلات کی نمائش کا ایک کلیدی مرکز ہو گا۔ اس سال کانفرنس کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال چوہدری اور جنرل سیکرٹری کے فرائض پروفیسر ڈاکٹر ناصر چوہدری ادا کر رہے ہیں اور پاکستان اوکلوپلاسٹک ایسوسی ایشن اس تقریب کا ایک خصوصی حصہ ہو گی۔ دنیا بھر سے امراض چشم کے ممتاز ماہرین، اس کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں۔ USA، UK، کینیڈا، یورپ، ہانگ کانگ/چین، UAE، ترکی، پرتگال، نیپال، اور یونان سمیت مختلف ممالک سے 21 بین الاقوامی مقررین اور ایک بڑی تعداد میں قومی مقررین اپنے تجربات کا تبادلہ کریں گے۔ ورکشاپ میں مقررین کی کل تعداد 400 کے لگ بھگ ہو گی اور تقریباً 1800 شرکاء کی رجسٹریشن متوقع ہے۔ ورکشاپ میں 8 مختلف ہالوں میں تقریباً 100 سیشنز منعقد کیے جائیں گے۔ یہ کانفرنس روزانہ 4 سمپوزیا (Symposia) اور 6 تدریسی کورسز بھی منعقد کرے گی۔ شرکاء کو پاکستان میں دستیاب جدید ترین اور عصری امراض چشم کے آلات اور مصنوعات کی سب سے بڑی نمائش دیکھنے کا موقع ملے گا، جو بصارت کی بیماریوں کے جدید طریقوں میں معاون ثابت ہوں گی۔