سی بی ڈی کا قائد ڈسٹرکٹ کلمہ چوک پر فائیو سٹار ہوٹل بنانے کا فیصلہ
12-04-2025
(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے کلمہ چوک میں ایک فائیو سٹار ہوٹل بنانے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے شہر کی ترقی، سیاحت اور اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ متوقع ہے۔
اس منصوبے کے تحت لاہور کے قائد ڈسٹرکٹ میں 41 کنال اراضی کو فائیو سٹار ہوٹل کی تعمیر کیلئے مختص کیا جائے گا، سی بی ڈی نے کلمہ چوک میں فائیو سٹار ہوٹل کے قیام کیلئے 10، 10 کنال کے 4 کمرشل پلاٹس کو ملا کر ایک وسیع رقبہ تیار کیا ہے، منصوبے کے تحت تین سال کی تعمیراتی مدت رکھی گئی ہے اور 25 سالہ اراضی لیز پالیسی بھی نافذ کی جائے گی۔ سی بی ڈی فائیو سٹار ہوٹل کے قیام کیلئے غیر ملکی کمپنیوں سے درخواستیں طلب کرے گا، جس سے عالمی سطح کے ہوٹل مینجمنٹ کمپنیوں کی شرکت کی توقع کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق اس 35 منزلہ فائیو سٹار ہوٹل کی تعمیر میں 70 ارب روپے سے زائد کی لاگت آئے گی، ہوٹل میں 200 سے زائد کمروں کی سہولت فراہم کی جائے گی اور اس کے ساتھ متعدد کمرشل بلڈنگز بھی تعمیر کی جائیں گی، جنہیں ہوٹل مینجمنٹ فروخت کر سکے گی۔ یہ منصوبہ لاہور کے وسطی علاقے میں ایک نیا تجارتی مرکز اور سیاحتی مقام قائم کرنے کا موجب بنے گا، جس سے شہر کی معیشت کو مضبوطی ملے گی۔